مریم نواز کی حکومت ہر شہری کی دہلیز پر انکا حق پہنچا رہی ہے،عظمی بخاری
وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس رمضان میں "مریم کے دستر خوان" کے ذریعے ایک نیا ٹرینڈ متعارف کروایا ہے۔
عظمی بخاری کے مطابق پنجاب کے کونے کونے میں "مریم کے دستر خوان" روزہ داروں کی خدمت کر رہے ہیں، اور ہر تحصیل میں روزہ دار "مریم کے مہمان" بن رہے ہیں۔ دسترخوانوں کو عوام کی جانب سے بے حد پذیرائی حاصل ہو رہی ہے، جبکہ مردوں کے ساتھ خواتین کی بھی بڑی تعداد افطاری کر رہی ہے۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پنجاب میں 74 سہولت بازار عوام کو سستی اور اعلیٰ کوالٹی کی اشیاء خوردونوش فراہم کر رہے ہیں۔ سہولت بازاروں اور دسترخوانوں میں کھانے پینے کی اشیاء کا معیار فوڈ اتھارٹی پاکستان خود چیک کر رہی ہے، اور خواتین گھر بیٹھے سہولت بازاروں سے ضروریات زندگی کی اشیاء منگوا رہی ہیں۔
عظمی بخاری نے مزید کہا کہ مریم نواز کی حکومت ہر شہری کی دہلیز پر ان کا حق پہنچا رہی ہے اور رمضان نگہبان پیکج کے تحت ہر مستحق تک امدادی کارڈ پہنچائے جا رہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کا عملہ دن رات اپنے فرائض سرانجام دے رہا ہے۔