پشین میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، بھارتی حمایت یافتہ 5 دہشتگرد ہلاک

شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک خودکش بمبار خوارجی نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، آئی ایس پی آر

فوٹو: فائل

بلوچستان کے ضلع پشین میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ ایک خودکش بمبار خوارجی نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی، فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جہاں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آپریشن کے دوران خوارج کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ ہلاک خوارج علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلئیرنس آپریشن جاری ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ضلع پشین میں فتنۃ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کی عکاسی ہے۔

صدر زرداری کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی پشین میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے 5 دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ قوم کو سیکیورٹی فورسز کی جرات اور پیشہ وارانہ مہارت پر فخر ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ بہادر سپوتوں نے بروقت کارروائی کرکے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ بلوچستان میں قیام امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں لائق تحسین ہیں۔

Load Next Story