ٹرمپ کی رہائش گاہ پر غیر قانونی داخلے کی کوشش، فائرنگ میں مسلح شخص مارا گیا

حکام نے فوری طور پر واقعے کے محرکات سے متعلق کوئی تفصیل جاری نہیں کی

واشنگٹن: امریکی سیکرٹ سروس نے ریاست فلوریڈا میں واقع امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ذاتی رہائش گاہ مار اے لاگو میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ایک مسلح شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق سیکرٹ سروس کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص شاٹ گن اور ایک فیول کین اٹھائے ہوئے تھا۔ حکام کے مطابق واقعہ پیش آنے پر سیکرٹ سروس کے دو اہلکاروں اور پام بیچ کاؤنٹی کے ایک ڈپٹی شیرف نے اسے روک کر ہتھیار اور فیول کین زمین پر رکھنے کا حکم دیا۔

پام بیچ کاؤنٹی کے شیرف رِک بریڈشا نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ مشتبہ شخص نے پیٹرول کا کین تو زمین پر رکھ دیا، تاہم شاٹ گن کو فائرنگ کی پوزیشن میں اٹھا لیا، جس پر اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں مشتبہ شخص موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ کسی اہلکار کو نقصان نہیں پہنچا۔

رپورٹس کے مطابق واقعے کے وقت ڈونلڈ ٹرمپ واشنگٹن میں موجود تھے اور مار اے لاگو میں موجود نہیں تھے۔ واقعے کی تحقیقات ایف بی آئی نے سنبھال لی ہیں اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ حکام نے فوری طور پر واقعے کے محرکات سے متعلق کوئی تفصیل جاری نہیں کی۔

Load Next Story