تحریک انصاف کے رہنماؤں کا کوٹ لکھپت جیل لاہور سے اہم بیان جاری
تحریک انصاف کے رہنماؤں نے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل سے میڈیا کے لیے اہم بیان جاری کردیا۔
شاہ محمود قریشی، عمر سرفراز چیمہ، یاسمین راشد، میاں محمود الرشید اور اعجاز چودری نے اپنے وکیل رانا مدثر عمر کے ذریعے بیان جاری کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام اور فلسطین کے مسئلے پر فوری کثیر الجماعتی کانفرنس منعقد ہونی چاہیے، خطے میں دو ریاستی حل اور انصاف کے بغیر پائیدار امن ممکن نہیں۔
تمام فریقین فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت کی حمایت کا اعادہ کریں۔ مذاکرات کے ذریعے اعلان کردہ جنگ بندی کے بعد سے غزہ میں مسلسل خلاف ورزیوں کے نتیجے میں چھ سو سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے چار مستقل اراکین کے “بورڈ آف پیس” کا حصہ نہ بننے پر بحث ہونی چاہیے، اور یہ سوال اٹھایا گیا کہ کیا اسرائیل کو بورڈ آف پیس کی رکنیت دی جائے جبکہ فلسطینیوں کو اس سے باہر رکھا جائے۔
بیان میں کہا گیا کہ تہران کا دس دنوں میں واشنگٹن کے ساتھ معاہدہ کرنے میں ناکام ہونا خطے کو جنگ کی طرف دھکیل سکتا ہے، ایران میں عدم استحکام کے نتائج اور اس کے پاکستان پر اثرات بھی اہم ہیں۔ بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی اسرائیل کی خلاف ورزیوں نے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کو مزید بڑھا دیا ہے۔
پارلیمنٹ میں فلسطینی مسئلے اور خطے میں بڑھتی کشیدگی پر کوئی بامعنی بحث نہیں ہوئی، اس لیے غزہ اور وسیع تر خطے میں امن و استحکام کے لیے قومی اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی خاطر فوری کثیر الجماعتی کانفرنس وقت کی اہم ضرورت ہے۔