کراچی کی سڑکوں کی بحالی کیلیے 8ارب، گل پلازہ متاثرین کیلیے 7ارب روپے معاوضہ منظور
سندھ کابینہ نے شہر کراچی کی سڑکوں کی بحالی کے لیے 8 ارب 53 کروڑ روپے اور گل پلازہ آتشزدگی متاثرین کے لیے 7 ارب روپے معاوضہ کی منظوری دے دی۔
وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے فنانس کمیٹی کی سفارشات پیش کیں جو سندھ کابینہ نے منظور کر دیں۔ آئی آئی چندریگر روڈ پر تاریخی عمارت کے تحفظ کے لیے ایک ارب 57 کروڑ روپے مختص کیے گئے۔
حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے لیے 5 ارب 20 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی جبکہ کچے کے علاقوں میں آپریشن کے لیے سندھ پولیس کو 56 کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے۔
آئی ٹی اور نوجوانوں کی تربیت کے لیے پیپلز آئی ٹی پروگرام فیز ٹو کے تحت 90 کروڑ روپے کی منظوری بھی دی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ روزگار اور آئی ٹی تربیت ہمارا مستقبل ہے۔
ویمن ایگریکلچر ورکرز رولز 2026ء پر تبادلہ خیال
سندھ کابینہ نے ویمن ایگریکلچر ورکرز رولز 2026ء پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ویمن ایگریکلچر ورکرز رولز کے تحت زراعت، لائیو اسٹاک اور ماہی گیری میں کام کرنے والی خواتین کے حقوق محفوظ ہوں گے۔
کابینہ کا آگاہ کیا گیا کہ مساوی اجرت، مقررہ کام کے اوقات اور میٹرنٹی فوائد یقینی بنائے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صحت اور بچوں کی غذائیت تک خواتین کو مکمل رسائی دی جائے گی، خواتین کو تحریری معاہدے اور ایسوسی ایشن کا حق فراہم کیا جائے گا، ہراسانی سے تحفظ ہر صورت یقینی ہوگا۔
رولز میں بے نظیر ویمن ایگریکلچر ورکر کارڈ اور بے نظیر وومین سپورٹ پروگرام کا بھی قیام عمل میں لایا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خلاف ورزیوں کی صورت میں لیبر عدالتوں میں مقدمہ چلایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ویمن ایگریکلچر ورکرز رولز کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔ وزیر زراعت اور وزیر محنت کی سربراہی میں قائم کمیٹی رولز کا جائزہ اور سفارشات پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
یونین کونسل 16 بائجی شریف سکھر کے چیئرمین برطرف
سندھ کابینہ نے یونین کونسل 16 بائجی شریف سکھر کے چیئرمین شفقت اللہ بھٹو کو برطرف کرنے کی منظوری دے دی۔
کابینہ اجلاس میں آگہا کیا گیا کہ انکوائری میں سنگین بدعنوانی اور بدانتظامی کے الزامات ثابت ہوئے۔ یو سی بجٹ کی منظوری میں ناکامی، تنخواہیں اور پنشن روکی گئی۔
شفقت بھٹو متعدد سماعتوں میں حاضری سے گریز کرتے رہے۔ یہ انکوائری وائس چیئرمین علی اصغر کلھوڑو کی شکایت کے بعد عمل میں آئی۔
سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے تحت معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجا جائے گا تاکہ دوبارہ انتخابات ہو سکیں۔ سندھ کابینہ نے عبوری طور پر وائس چیئرمین کو چیئرمین کے فرائض سونپ دیے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ انتظامی امور اور واجب الادا تنخواہوں و پنشن کی ادائیگی فوری شروع کی جائے۔