پنجاب میں خواتین کو کسی سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ای ٹیکسی اسکیم کا افتتاح کردیا جب کہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اہم اعلانات کیے۔
اُنہوں نے کہا کہ پنجاب کی ہر تحصیل میں گرین بس سروس شروع کی جائے گی اور جلد ٹریک لیس ٹرین منصوبے کا اجرا بھی کیا جائے گا۔ پنجاب پہلا صوبہ ہے جہاں ای ٹیکسی اسکیم متعارف کرائی گئی، جو ماحول دوست اور خواتین کے روزگار کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ای ٹیکسی اسکیم میں خواتین کے لیے 30 فیصد سے زائد کو ٹہ فراہم کی گئی ہے۔ خواتین ٹیچر، سائیکالوجسٹ اور دیگر پیشہ ور افراد نے بھی ای ٹیکسی حاصل کی ہے، تاکہ وہ روزگار کے مواقع سے مستفید ہوں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں خواتین کو کسی سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، ہر بیٹی محفوظ ہے اور حکومت ہر صورت مدد کو پہنچے گی۔
انہوں نے گرین بس منصوبے کی کامیابی اور ای موبیلٹی کے نظام کی تشکیل پر بھی روشنی ڈالی، بتایا کہ 1500 بسیں آرہی ہیں اور مزید 1100 شامل کی جائیں گی۔ فیصل آباد اور گوجرانوالہ میٹرو بس پر کام جاری ہے جبکہ طلبہ، خواتین، بزرگ اور خصوصی افراد کو گرین بس پر مفت سفر کی سہولت دی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے ای ٹیکسی اسکیم کی مالی پہلوؤں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خواتین ڈرائیورز کے لیے 60 فیصد ڈاؤن پیمنٹ حکومت ادا کرے گی جبکہ مرد ڈرائیورز کے لیے 50 فیصد ہوگی۔ پہلے مرحلے میں 1100 ای وہیکلز فراہم کی جائیں گی، جن سے خواتین کی ماہانہ آمدنی ڈیڑھ سے دو لاکھ روپے تک ہو گی۔
رمضان المبارک کے دوران 42 لاکھ خاندانوں اور ڈھائی لاکھ افراد کو نگہبان پیکیج کے تحت مالی مدد فراہم کی گئی۔ ہسپتالوں میں مریضوں کے لواحقین کے لیے دسترخوان اور مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔ پنجاب میں فری ایمبولینس سروس بھی متعارف کرائی گئی ہے تاکہ میت کو ہسپتال سے منتقل کرنے میں کسی مشکل کا سامنا نہ ہو۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں ماحولیات میں بہتری آ رہی ہے، اسموگ کنٹرول کے لیے دن رات کام کیا جا رہا ہے اور وبائی امراض پر قابو پایا گیا ہے۔ چین کے تجربات سے متاثر ہو کر دو سال میں اسموگ میں کمی لائی گئی۔ مستقبل میں پنجاب میں روزانہ کی بنیاد پر ماحولیات کی نگرانی جاری رہے گی۔
مریم نواز شریف نے زور دیا کہ عوام کے لیے اچھی سڑکیں، ٹرانسپورٹ، تعلیم، اسکالرشپ، لیپ ٹاپ، اراضی کی فراہمی اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ شہری بلا تعطل زندگی گزار سکیں۔
پہلے مرحلے میں ای ٹیکسی اسکیم میں 1100 ای وہیکل دی گئیں، ای ٹیکسی اسکیم میں خواتین کے لئے 30 فیصد کوٹہ مخصوص ہے، اسکیم میں خواتین کے لئے لیڈیز ڈرائیور والی گاڑی کا رنگ الگ ہوگا۔
ای ٹیکسی اسکیم میں مرد ڈرائیوروں کے لئے 50 فیصد اور خواتین ڈرائیوروں کیلئے 60 فیصد ڈاؤن پیمنٹ حکومت پنجاب ادا کرے گی۔
اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پنجاب پورے پاکستان کا پہلا صوبہ بن گیا ہے جس نے سرکاری طور پہ ای ٹیکسی اسکیم لانچ کی۔ یہ ماحول دوست اقدام ہے اور باعزت روزگار کا ذریعہ بھی۔ 30 فیصد سے زائد مستفید ہونے والے خواتین ہیں۔ پنک ٹیکسی خواتین کے لیے مخصوص ہے۔ ٹیچرز، سائیکالوجسٹ اور سنگل مدرز نے… pic.twitter.com/rGNfGDk9zx
ای ٹیکسی اسکیم میں، گاڑیوں کی رجسٹریشن، فٹنس ٹیسٹ اور ٹوکن ٹیکس فیس بھی حکومت پنجاب ادا کرے گی۔واجبات کی ادائیگی پانچ سالہ آسان اقساط میں ادا کی جائے گی۔
ڈرائیورز اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ہر ای ٹیکسی میں پینک بٹن نصب، پینک بٹن پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کیساتھ منسلک ہوگا۔ای ٹیکسی سکیم کی گاڑیاں ان ڈرائیو اور یاننگو کے ساتھ رجسٹرڈ ہوں گی۔پبلک پلیسز پر گاڑیوں کے چارجنگ کے لئے فاسٹ چارجز نصب کیے جائیں گے۔ای ٹیکسی اسکیم میں ڈیجیٹل پیمنٹ کی سہولت بھی مہیا کی جائے گی۔