افغان طالبان کی جارحیت، باجوڑ میں سول آبادی پر گولے گرنے سے 2 افراد شہید، 8 زخمی

شہداء کی نماز جنازہ ادا، ہزاروں افراد کی شرکت، باجوڑ کے عوام میں غم و غصہ

پشاور:

باجوڑ میں افغان طالبان رجیم کے فائر کیے گئے مارٹر گولے سول آبادی پر گرنے سے 2 افراد شہید جبکہ 8 زخمی ہوگئے، شہداء کو آبائی علاقوں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ رات افغان طالبان رجیم کی جانب سے پاکستان کے قبائلی ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند علاقہ برہ لغڑئی میں مقامی آبادی اور مسجد کو نشانہ بنایا گیا۔

مارٹر گولے سول آبادی پر گرنے سے ایک خاتون اور ایک شخص شہید ہو گیا، حملے میں 8 افراد زخمی ہو گئے جن کا علاج ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال خار میں جاری ہے۔

واقعہ کے بعد شہداء کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، باجوڑ کے عوام میں اس حوالے سے شدید اشتعال پایا جاتا ہے۔

صوابی میں ڈرون گرنے سے 13 سالہ طالبہ زخمی

صوابی کے گاؤں پابینی میں واقع گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول کے باہر ڈرون گرنے سے 13 سالہ طالبہ زخمی ہو گئی، سکول اور دیگر بچیاں محفوظ رہیں۔

اے ایس پی نعمان خان نے میڈیا کو بتایا کہ خود ساختہ ڈرون میں بارودی مواد نصب تھا، جس سے دھماکہ ہوا، زخمی طالبہ کو فوری طور پر ریسکیو کی میڈیکل ٹیم نے موقع پر پہنچ کر طبی امداد کے بعد ایمبولینس میں ہسپتال منتقل کر دیا، ڈرون اسکول سے دو سو گز دور گرا، جس کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

ڈی پی او صوابی وقاص رفیق کے مطابق واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ اطلاع ملتے ہی متعلقہ ڈی ایس پی اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر روانہ کر دی گئی، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد جمع کرلیے گئے۔

Load Next Story