پاک افغان جنگ پر امریکی صدر ٹرمپ کا ردعمل سامنے آگیا
امریکی صدر ٹرمپ نے پاک افغان جنگ سے متعلق ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ اچھا کر رہا ہے مداخلت نہیں کروں گا اوراس معاملے میں پاکستان درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری جنگ میں مداخلت کریں گے؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ میں مداخلت کر سکتا ہوں، تاہم پاکستان کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ پاکستان نہایت شاندار انداز میں آگے بڑھ رہا ہے اور افغانستان کے ساتھ معاملات کو بہتر طریقے سے سنبھال رہا ہے، اس لیے وہ اس معاملے میں مداخلت نہیں کریں گے۔
امریکی صدر نے پاکستان کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پاس ایک عظیم وزیرِاعظم اور جنرل ہیں اور یہ دونوں وہ شخصیات ہیں جن کی میں بے حد عزت کرتاہوں۔ پاکستان میں مضبوط قیادت موجود ہے جو معاملات کو احسن انداز میں چلا رہی ہے۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا ایران کے خلاف طاقت کا استعمال نہیں کرنا چاہتا لیکن بعض اوقات حالات ایسے ہو جاتے ہیں کہ طاقت استعمال کرنا پڑتی ہے۔