کراچی میں مظاہرین کی امریکی قونصلیٹ میں داخلے کی کوشش، جھڑپوں میں 10 افراد جاں بحق، 35 زخمی

لاہور اور اسلام آباد میں بھی احتجاج

کراچی:

ایرانی سپریم لیڈر کی شہادت کے بعد کراچی میں مشتعل مظاہرین نے امریکی قونصل خانے پر دھاوا بول دیا، جھڑپوں میں 10 مظاہرین جاں بحق اور 35 زخمی ہوگئے۔

کراچی میں ایم ٹی خان روڈ پر مظاہرین نے امریکی قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کی، اس دوران مظاہرین پر سیدھی فائرنگ کی گئی جس میں 10 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہوگئے، لاشوں اور زخمیوں کو سول اور جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کا استعمال کیا جس کے جواب میں مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا۔ مشتعل مظاہرین نے سلطان آباد میں ٹریفک پولیس کی چوکی اور ایک موٹر سائیکل کو نذرآتش کردیا۔

احتجاج کے باعث نمائش چورنگی جانے والے راستے ٹریفک کیلئے بند کردیے گئے، ٹریفک کو متبادل راستہ فراہم کیا جارہا ہے۔

لاہور:

لاہور میں بھی مظاہرین نے امریکی قونصل خانے کے باہر توڑ پھوڑ کی، پولیس نے مظاہرین کی امریکی قونصلیٹ جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔ مظاہرین نے امریکی قونصلیٹ کے سامنے لگائے سکیورٹی کیمپ بھی اکھاڑ دیے۔

مظاہرین نے امریکی قونصلیٹ شملہ پہاڑی کے باہر دھرنا دے دیا۔ احتجاج میں نوجوانوں، خواتین و بچوں کی کثیر تعداد موجود ہے۔ خواتین نے شہید سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی تصاویر اٹھا رکھی ہیں۔

اسلام آباد:

اسلام آباد میں مظاہرین کی امریکی سفارتخانے کی طرف پیش قدمی جاری ہے، پولیس مظاہرین کو منتظر کرنے کیلئے شدید شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کر رہی ہے۔

Load Next Story