ایمپریس مارکیٹ کے قریب تجاوزات کے خلاف کارروائی، مشتعل افراد نے علاقہ میدان جنگ بنا دیا
صدر ایمپریس مارکیٹ کے قریب تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران نامعلوم مشتعل افراد نے شدید ہنگامہ کر کے علاقہ میدان جنگ بنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق نامعلوم افراد کی شدید ہوائی فائرنگ سے علاقہ گونج اٹھا جس کے باعث مکینوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ، ٹائروں کو بھی نذر آتش کر کے ٹریفک معطل کر دیا گیا۔
علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق مقامی انتظامیہ کے ہمراہ جیسے ہی اینٹی اینکروچمنٹ ٹیم آپریشن کے لیے پہنچی نامعلوم مشتعل افراد کی جانب سے شدید فائرنگ کر کے خوف و ہراس پھیلایا گیا جس کی وجہ سے عملے کو پسپا ہونا پڑا۔
فائرنگ کی اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی تاہم اس دوران بھی نامعلوم افراد کی جانب سے وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ بھی جاری تھا جبکہ پریڈی پولیس صورتحال پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف تھی۔