پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس کل صبح ساڑھے دس بجے ہوگا
پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس کل صبح ساڑھے دس بجے ہوگا جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری خطاب کریں گے۔
صدرِ مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری نے مجلسِ شوریٰ (پارلیمنٹ) کا مشترکہ اجلاس کل صبح ساڑھے دس بجے طلب کیا ہے۔ صدر مملکت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آئین کے آرٹیکل 54 (1) اور 56 (3) کے تحت تفویض کردہ اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے طلب کیا۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ہر پارلیمانی سال کے آغاز پر بلایا جاتا ہے، اجلاس سے صدر مملکت کا خطاب آئینی تقاضا ہے۔ صدر آصف علی زرداری بطور صدرِ پاکستان مشترکہ اجلاس سے نویں مرتبہ خطاب کریں گے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے مشترکہ اجلاس کی تیاریاں شروع کر دی ہیں جس کے ساتھ ساتھ خطے کی کشیدہ صورتحال کے تناظر میں سیکیورٹی کے بھی سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت پاکستان اور افغانستان کے مابین جنگی صورتحال، امریکا و اسرائیل کی ایران کے ساتھ جنگ اور جواب میں خلیجی ممالک پر حملوں سے پیدا شدہ صورتحال پر بھی اظہار خیال کریں گے۔
صدر کے خطاب میں حکومت کی دو سالہ کارکردگی قومی ترجیحات، جمہوری استحکام، آئینی بالادستی، پائیدار معاشی ترقی، خطے اور دنیا کی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف قومی عزم اور وطن میں بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا احاطہ کیا جائے گا۔