ملتان سلطانز کی پی ایس ایل میں واپسی پر علی ترین کا ردعمل سامنے آگیا

علی ترین نے کہا کہ وہ لمحہ میرے لیے انتہائی تکلیف دہ تھا جب ملتان سلطانز کو پی ایس ایل سے نکال دیا گیا

ملتان سلطانز کے سابق مالک علی ترین نے گُوہر شاہ اور ان کی کمپنی سی ڈی وینچرز کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے سیالکوٹ اسٹالینز کی ٹیم کا کنٹرول لے کر اسے دوبارہ ملتان سلطانز کے نام سے پاکستان سپر لیگ میں شامل کیا۔

ملتان سلطانز کے سابق اونر علی خان ترین نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے سات سال تک ملتان سلطانز کے ساتھ کام کیا اور یہ میری زندگی کے قابل فخر لمحات تھے۔

علی ترین نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ لمحہ میرے لیے انتہائی تکلیف دہ تھا جب ملتان سلطانز کو پی ایس ایل سے نکال دیا گیا اور یہ صرف میرے لیے ہی نہیں بلکہ ساؤتھ پنجاب کے عوام کے لیے بھی ایک پریشان کن صورتحال تھی کیونکہ ملتان سلطانز محض ایک کرکٹ ٹیم نہیں بلکہ پورے خطے کی نمائندگی کرتی تھی۔

آخر میں انہوں نے گُوہر شاہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اب ملتان سلطانز دوبارہ لیگ میں ہے اور ساؤتھ پنجاب کو دوبارہ اس کی آواز مل گئی ہے۔

واضح رہے کہ پی سی بی اور پی ایس ایل کی منظوری سے سی ڈی وینچرز کے گوہر شاہ کے ساتھ اسٹریٹجک پارٹنر شپ ہوگئی ہے، اس حوالے سے باقاعدہ اعلان سلمان نصیر، حمزہ مجید اور گوہر شاہ نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

اس سے قبل علی ترین کے ساتھ تعلقات کے سوال پر گوہر شاہ نے کہا کہ وہ ہمارے دوست ہیں، ان کو میچز دیکھنے کے لیے خوش آمدید کہیں گے۔ وہ بھی ملتان سلطانز کو بلندیوں پر دیکھنا چاہتے تھے ہماری بھی یہی خواہش ہے۔

متعلقہ

Load Next Story