ایران پر مزید تباہ کن حملوں کی تیاری کی جا رہی ہے، امریکی وزیرخارجہ

تقریباً 1600 امریکی شہریوں نے خطے سے انخلاء کے لیے مدد طلب کی ہے، مارکو روبیو

واشنگٹن:

امریکہ کے وزیرخارجہ مارکو روبیو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایران کے خلاف جاری کارروائیوں پر دوٹوک مؤقف اختیار کیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز میں مزید تباہ کن حملے ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں موجود امریکی شہری فوری طور پر اپنے قریبی سفارتخانوں سے رابطہ کریں۔

ان کے مطابق تقریباً 1600 امریکی شہریوں نے خطے سے انخلاء کے لیے مدد طلب کی ہے۔

مارکو روبیو نے انکشاف کیا کہ ایک امریکی قونصلیٹ کے احاطے اور پارکنگ ایریا میں ڈرون گرایا گیا، جبکہ امریکی سفارتی دفاتر براہِ راست حملوں کی زد میں ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایران خطے میں امریکی سفارتخانوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔

وزیرخارجہ نے واضح کیا کہ ایران کو کسی صورت ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایرانی رجیم کو جوہری طاقت مل گئی تو اس کے نتائج انتہائی خطرناک ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایران کو بیلسٹک میزائلوں کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے اور امریکی سینٹ کام ایرانی میزائل صلاحیت کو تباہ کرنے میں مصروف ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دنیا کی دو طاقتور ترین فضائیہ اس مشترکہ آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں اور امریکہ اپنے مقاصد کے حصول تک کارروائیاں جاری رکھے گا۔

ان کے مطابق ایرانی جوہری صلاحیت، میزائل پروگرام اور بحریہ امریکی اہداف میں شامل ہیں اور ان میں سے تین بڑے اہداف تقریباً حاصل کیے جا چکے ہیں۔

مارکو روبیو نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے درست وقت کا انتخاب کرتے ہوئے ایران کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا۔ ان کے بقول اگر اس وقت اقدام نہ کیا جاتا تو مستقبل میں ایران کو روکنا مشکل ہو سکتا تھا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ فضائی حدود کی بندش سے کچھ چیلنجز ضرور درپیش ہیں، تاہم مشترکہ آپریشن اسی لیے کیا گیا تاکہ اہداف کو کامیابی سے حاصل کیا جا سکے۔

Load Next Story