سکیورٹی الرٹ، امریکا نے پاکستان سے غیر ضروری سفارتی عملہ واپس بلا لیا
اسلام آباد: امریکا نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر پاکستان میں تعینات اپنے غیر ہنگامی سفارتی عملے کو واپس بلانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
پاکستان میں امریکی سفارتخانے کے اعلامیے کے مطابق لاہور اور کراچی میں قائم امریکی قونصل خانوں کے غیر ضروری عملے کو بھی پاکستان چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی موجودہ حیثیت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور ضروری سفارتی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔
امریکی سفارتخانے کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے بعد خطے میں ڈرون اور میزائل حملوں کے ممکنہ خطرات موجود ہیں، جس کے باعث یہ احتیاطی اقدام اٹھایا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔