کوہستان مالیاتی اسکینڈل میں ایک اور ملزم کی پلی بارگین منظور

اسکینڈل میں ملزم کے نام 3 کروڑ 80 لاکھ پچاس ہزار روپے کی ٹرانزیکشن ہوئی تھی

(فوٹو: فائل)

پشاور:

کوہستان مالیاتی اسکینڈل میں مزید پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں گرفتار ایک اور ملزم کی پلی بارگین منظور کر لی گئی۔

احتساب عدالت کے جج محمد ظفر نے ملزم سرن زیب کی پلی بارگین کی توثیق کرتے ہوئے اسے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

فیصلے کے مطابق ملزم سرن زیب قاضی کوٹ مانسہرہ کا رہائشی ہے اور نیب کے مطابق وہ کوہستان مالیاتی اسکینڈل میں ملوث تھا۔ کوہستان اسکینڈل میں ملزم کے نام 3 کروڑ 80 لاکھ پچاس ہزار روپے کی ٹرانزیکشن ہوئی تھی۔ ملزم جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں تھا اور اس نے جیل سے پلی بارگین کی درخواست نیب کو دی تھی۔

فیصلے کے مطابق درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ وہ کسی دباؤ کے بغیر پلی بارگین کرنا چاہتا ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ چیئرمین نیب نے درخواست گزار کی پلی بارگین کی منظوری دے دی ہے اور ملزم نے نیب کے ساتھ 3 کروڑ 80 لاکھ پچاس ہزار روپے کی پلی بارگین کی ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ ملزم کی پلی بارگین کی توثیق کی جاتی ہے اور حکم دیا کہ ملزم کو رہا کیا جائے۔

Load Next Story