کیا امریکا ایران میں زمینی جنگ شروع کرے گا؟ وائٹ ہاؤس کا بڑا اعلان سامنے آگیا
واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ فی الحال ایران میں امریکی زمینی افواج بھیجنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ اس وقت امریکا ایران میں زمینی فوج اتارنے کی منصوبہ بندی نہیں کر رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران گزشتہ 47 برس سے امریکا اور اس کے اتحادیوں کے لیے خطرہ بنا ہوا ہے اور امریکی عوام اس صورتحال سے آگاہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کو یقین ہے کہ ایران کے معاملے پر انہیں امریکی عوام کی حمایت حاصل ہے۔
ترجمان کے مطابق ایران میں حالیہ فوجی کارروائی کے بعد امریکا کے آئندہ کردار کے بارے میں صدر ٹرمپ اپنے مشیروں سے مشاورت کر رہے ہیں۔
کیرولین لیوٹ نے مزید کہا کہ امریکا آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے کے منصوبے پر بھی کام کر رہا ہے اور وہاں گزرنے والے آئل ٹینکرز کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔