سعودی عرب کا شیبہ آئل فیلڈ اور فضائی اڈے پر حملے ناکام بنانے کا دعویٰ

سیکیورٹی فورسز نے چھ ڈرونز اور ایک بیلسٹک میزائل کو مار گرایا، وزارت دفاع

سعودی عرب نے شیبہ آئل فیلڈ اور فضائی اڈے پر حملے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

سعودی عرب کی وزارتِ دفاع کے ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے آئل فیلڈ کی طرف آنے والے چھ ڈرونز اور ایک فضائی اڈے کی جانب بڑھنے والے بیلسٹک میزائل کو مار گرانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

بیان کے مطابق ڈرونز کو ملک کے جنوبی حصے میں واقع وسیع صحرائی علاقے “ربع الخالی” میں تباہ کیا گیا۔ اس علاقے میں تیل کے بڑے ذخائر موجود ہیں جن میں شیبہ آئل فیلڈ بھی شامل ہے جسے حملے کا ہدف بنایا گیا تھا۔

وزارت دفاع کے مطابق یہ آئل فیلڈ روزانہ تقریباً دس لاکھ بیرل تیل پیدا کرتا ہے، ترجمان نے مزید کہا کہ ایک بیلسٹک میزائل کو بھی ناکام بنایا گیا جو پرنس سلطان ایئر بیس کی جانب جا رہا تھا۔

یاد رہے کہ فروری میں اس فضائی اڈے کو امریکا کی فضائیہ کے طیاروں نے ایران کے خلاف ممکنہ کارروائیوں سے پہلے مشرقِ وسطیٰ میں اپنی تعیناتی کے دوران استعمال کیا تھا۔

Load Next Story