عالمی یوم خواتین پر صدر مملکت اور وزیر اعظم کا خواتین کو خراج تحسین

خواتین کی شمولیت کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی، صدر زرداری

اسلام آباد:

عالمی یوم خواتین پر صدر مملکت اور وزیر اعظم نے خواتین کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یومِ خواتین پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔ قائدِ اعظم نے خواتین کی مساوی شرکت کو قومی ترقی کے لیے ضروری قرار دیا تھا، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی قیادت پاکستانی خواتین کے عزم کی روشن مثال ہے، کاک پٹ سے پارلیمنٹ تک خواتین کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح اور بیگم نصرت بھٹو کی جدوجہد خواتین کے لیے مشعلِ راہ ہے، آئینی اقدامات سے پارلیمان اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین کی نمائندگی یقینی بنائی گئی، امتیازی قوانین اور نقصان دہ سماجی رویوں کے خاتمے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ مساوی حقوق سے خواتین کی تعلیم، روزگار اور تحفظ ممکن بنتا ہے، دیہی خواتین زراعت اور معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، خواتین کے خلاف امتیاز کے خاتمے کے لیے پاکستان عالمی معاہدوں کا پابند ہے، نیشنل کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن اور دیگر ادارے خواتین کے حقوق کے لیے سرگرم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور ویمن امپاورمنٹ پیکج خواتین کی معاشی بہتری کے لیے اہم ہے، خواتین کو قرض، جائیداد اور روزگار تک برابر رسائی دینا ضروری ہے، ترقی کا اصل پیمانہ خواتین کی زندگی میں عملی بہتری ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام:

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام مین پاکستان کی ماؤں، بیٹیوں، بہنوں اور بیویوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم پاکستانی خواتین کی قوت، استقامت، قائدانہ صلاحیتوں اور خاندان، معاشرے اور ملک کی تعمیر میں ان کی انمول خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ تعلیم، صحت، سرکاری خدمات، کاروبار، سائنس، فنون، کھیل اور دیگر تمام میدانوں میں پاکستانی خواتین اپنی صلاحیتوں، لگن اور استقامت سے ملکی ترقی کی رفتار کو تیز کر رہی ہیں۔ خواتین کی کامیابیاں پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کے لیے ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا پاکستان کی ترقی کے لیے ان کی حکومت کے وژن کا مرکز ہے، حکومت خواتین کے لیے مواقع پیدا کرنے، تعلیم اور معاشی شراکت داری میں ان کی مساوی رسائی کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔

Load Next Story