پشاور: بڈھ بیر میں بیوی کو قتل کر کے خودکشی کا رنگ دینے والا شوہر ڈرامائی انداز میں گرفتار

مبینہ طور پر گھریلو ناچاقی پر اپنی بیوی کو فائرنگ کر کے قتل کیا اور بعد ازاں واقعے کو خودکشی ظاہر کرنے کی کوشش کی

کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بیوی کو قتل کر کے واقعے کو خودکشی کا رنگ دینے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق تھانہ بڈھ بیر کی حدود میں پیش آنے والے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی بڈھ بیر سرکل واجد شاہ کی نگرانی میں قائم مقام ایس ایچ او تھانہ بڈھ بیر جمال شاہ اور ان کی ٹیم نے جدید تفتیشی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔

گرفتار ملزم کی شناخت سلمان ولد خیر اللہ جان سکنہ پھندو بالا کے نام سے ہوئی ہے، جس نے مبینہ طور پر گھریلو ناچاقی پر اپنی بیوی کو فائرنگ کر کے قتل کیا اور بعد ازاں واقعے کو خودکشی ظاہر کرنے کی کوشش کی۔

واقعے کے حوالے سے مقتولہ کے والد نادر خان کی مدعیت میں 2 مارچ 2026 کو تھانہ بڈھ بیر میں مقدمہ درج کیا گیا، جس کے بعد پولیس نے واقعے کی باقاعدہ تفتیش شروع کر دی۔

ایس پی صدر ڈویژن محمد ارشد خان نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے اصل حقائق جاننے کے لئے انکوائری کا حکم دیا۔

دوران تفتیش پولیس ٹیم نے شواہد اکٹھے کرتے ہوئے ملزم تک رسائی حاصل کی اور اہم کارروائی کے دوران اسے گرفتار کر لیا۔پولیس  کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ واقعے کے دیگر پہلوؤں کو بھی باریک بینی سے جانچا جا رہا ہے۔

Load Next Story