اسٹیٹ بینک آج مانیٹری پالیسی کا اعلان کرے گا، شرح سود 10.5 فیصد پر برقرار رہنے کا امکان

سال 2026 کی پہلی مانیٹری پالیسی اسٹیٹ بینک نے 26 جنوری کو جاری کی تھی

کراچی:

اسٹیٹ بینک آف پاکستان آج نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرے گا، جس میں پالیسی ریٹ کو موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اسٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد کی زیر صدارت مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس ہوگا جس میں ملک کی معاشی صورتحال، مہنگائی کے رجحانات اور عالمی معاشی حالات کا جائزہ لیا جائے گا۔

معاشی ماہرین کے مطابق اسٹیٹ بینک ممکنہ طور پر پالیسی ریٹ کو 10.5 فیصد پر برقرار رکھ سکتا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے امکانات کم ہونے کے باعث شرح سود میں کمی کے امکانات بھی محدود ہیں۔

ماہرین کے مطابق مہنگائی کے خدشات کے پیش نظر اسٹیٹ بینک محتاط حکمت عملی اختیار کر سکتا ہے تاکہ معیشت میں استحکام برقرار رکھا جا سکے۔

سرمایہ کاروں اور کاروباری حلقوں کی نظریں مانیٹری پالیسی کے فیصلے پر مرکوز ہیں کیونکہ اس کے اثرات اسٹاک مارکیٹ، کاروباری سرگرمیوں اور قرضوں کی لاگت پر پڑتے ہیں۔

یاد رہے کہ سال 2026 کی پہلی مانیٹری پالیسی اسٹیٹ بینک نے 26 جنوری کو جاری کی تھی۔

Load Next Story