افغان طالبان کی دہشتگردوں کی پشت پناہی اور وار اکانومی کیخلاف افغان رہنما کھل کر سامنے آگئے
دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہوں پر افغانستان میں افغان طالبان رجیم کو کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، افغان طالبان کی دہشت گردوں کی پشت پناہی اور وار اکانومی کے خلاف افغان رہنما کھل کر سامنے آ گئے۔
افغان سیاستدان احمد مسعود نے افغان طالبان کی زیر سرپرستی دہشت گردوں کے اڈوں کو بے نقاب کر دیا۔
افغان سیاستدان اور نیشنل ریزسٹنٹ فرنٹ کے رہنما احمد مسعود نے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں آج جو حالات ہیں یہ براہ راست افغان طالبان رجیم کے برے اعمال کا نتیجہ ہے۔ آج افغانستان اپنے لوگوں کے لئے جہنم جبکہ دہشت گرد گروہوں کے لیے جنت بنا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح القاعدہ اور اسامہ بن لادن کو پناہ دی، آج وہی دوبارہ ہو رہا ہے۔ افغانستان میں صرف ٹی ٹی پی (فتنۃ الخوارج) ہی نہیں بلکہ 20 سے زائد دہشت گرد گروہ سرگرم ہیں۔
ماہرین کے مطابق افغانستان کو دہشتگروں کو بطور لانچنگ پیڈ کے استعمال کے خلاف افغان عوام میں طالبان رجیم کیخلاف سخت نفرت پائی جاتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ افغان عوام افغان طالبان کی آمریت اور دہشتگردی پر چلنے والی اس رجیم سے تنگ آچکے ہیں، یہ بات اب قطعی طور پر ڈھکی چھپی نہیں کہ افغانستان دہشتگرد عناصر کیلئے جنت بن چکا ہے۔