ملک میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کا باقاعدہ آغاز
ملک میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ابتدائی طورپر ملک کے 5 شہروں میں فائیو جی کی فراہمی کیلئے نیلامی کی جارہی ہے۔
فائیو جی کی نیلامی کا پہلا اسٹیج مکمل ہوگیا. 700 میں تین لاٹس میں سے دو لاٹس نیلامی میں فروخت ہوئی ہیں۔ 2300 میگاہرٹز میں تمام لاٹس نیلام ہوئی۔ 2600 میگا ہرٹز میں تمام 19 لاٹس بک گئی ہیں۔
3500 میگاہرٹز بینڈ میں 28 لاٹس میں سے 22 لاٹس فروخت ہوئیں جبکہ 597.2 میگا ہرٹز میں سے 480 میگا ہرٹز اسپیکٹرم نیلام ہوا ہے۔ اسپیکٹرم کی بولی سے 1.7 فیصد اسپیکٹرم کی دستیابی بڑھ گئی۔
رونگ نے 110میگا ہرٹس سپیکٹرم خریدا ہے۔ یوفون نے 180 میگا ہرٹس اور جاز نے 190 میگا ہرٹز سپیکٹرم خریدا ہے۔ 507 ملین ڈالرز میں اسپیکٹرم نیلام ہوا ہے۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایات ہیں کہ تمام نیلامیوں کو لائیو کیا جائے یہ آن لائن آکشن تھی، اس لئے یہ مشکل مرحلہ تھا۔ پرائیوٹ سیکٹر کا پبلک سیکٹر پر اعتماد کا اظہار کرنا پاکستان کی جیت ہے۔
نیلامی کے پہلے مرحلے میں 2600 میگاہرٹز بینڈ میں 190 میگاہرٹز اسپیکٹرم ہے ، 110 میگاہرٹز کی اضافی طلب ہے، دوسرے مرحلے میں اسپیکٹرم کی قیمت میں پانچ فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔
نیلامی کے دوسرے راؤنڈ میں 2600میں 7لاٹس زیادہ تھیں۔ ابھی بھی ڈیمانڈ زیادہ ہے، اس لئے قیمت بڑھائی گئی۔
نیلامی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمان نے کہا کہ یہ ڈیجیٹل ہائی وے پاکستان کا انجن ہے۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہا آج پاکستان میں ٹیکنالوجی کاانقلاب آرہا ہے، ہم ان ممالک میں شامل ہورہے ہیں جو فائیوجی استعمال کررہے ہیں۔
وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے بھی نیلامی کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور کہا اس نیلامی کیلئے حکومت نے پورا ایکو سسٹم دیا ہے، ہم بلاک چین٫ اے آئی کی نئی انڈسٹری کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
وزیرِ خزانہ نے فائیو جی اسپیکٹرم آکشن کو پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کیلئے اہم پیش رفت قرار دے دیا اور کہا کہ فائیو جی ٹیکنالوجی سے تیز، سستی اور بہتر ڈیجیٹل سروسز میسر آئیں گی۔
فائیو جی نیلامی کا سلسلہ ورچوئلی جاری ہے، نیلامی آن لائن کی جارہی ہے جس میں ملک کی تینوں بڑی موبایل کمپنیاں شریک ہیں۔