2 سالہ بچی کو 10 کروڑ تاوان کیلیے اغوا کرنے والا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

ملزم نے سندر کے علاقے سے 2 سالہ حرم کو اغوا کیا تھا، فون پر بچی کی بات کروانے کے لیے بھی 3 لاکھ روپے حاصل کیے

لاہور:

2 سالہ بچی کو 10 کروڑ روپے تاوان کے لیے اغوا کرنے والا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔

سی سی ڈی چوہنگ پولیس اور بچی کو کروڑوں روپے تاوان کی خاطر اغوا کرنے والے ملزم کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور دو طرفہ فائرنگ کے دوران اغوا کار ہلاک ہوگیا۔ ملزم کی شناخت رانا واجد کے نام سے ہوئی ہے۔

ملزم واجد نے سندر کے علاقے سے 2 سالہ بچی حرم کو اغوا کیا تھا اور اس کی رہائی کے بدلے بچی کے والدین سے 10 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا جو بعد میں 5 کروڑ اور پھر 2 کروڑ پر فائنل کیا گیا۔

مغوی بچی سے موبائل فون پر والدین کی بات کروانے کے لیے بھی 3 لاکھ روپے ٹرانسفر کروائے گئے۔

ملزم کے خلاف بچی کے اغوا کا مقدمہ تھانہ سندر میں درج کیا گیا تھا جب کہ اغوا برائے تاوان کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی نے بچی کی بازیابی کے لیے احکامات جاری کیے تھے۔

اغوا کے ملزم کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کردی گئی ہے جب کہ  بچی کو بحفاظت بازیاب کروا کر والدین کے حوالے کردیا گیا ہے۔

Load Next Story