بانی پی ٹی آئی کی شفا اسپتال منتقلی درخواست پر اعتراضات دور کرنے کیلئے مہلت کی استدعا منظور
فوٹو: فائل
اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی شفا اسپتال منتقلی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرنے کیلئے مہلت کی استدعا منظور کرلی۔
جسٹس انعام امین منہاس نے کیس کی سماعت کی، درخواست گزار ڈاکٹر عظمیٰ کے وکیل عزیر بھنڈاری عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
وکیل عزیر بھنڈاری نے عدالت میں بتایا کہ رجسٹرار آفس نے کچھ اعتراضات لگائے ہیں، عدالت آئندہ ہفتے کیس لگا دے ہم اعتراضات دور کر دیتے ہیں۔
جسٹس انعام امین منہاس نے کہا کہ آپ کی جانب سے مختلف درخواستیں ایک ہی طرح کی دائر ہوئی ہیں جس پر وکیل نے بتایا کہ اس پٹیشنر نے اور کوئی درخواست اس طرح کی دائر نہیں کی۔
جسٹس انعام امین منہاس کا کہنا تھا کہ رجسٹرار آفس سے پوچھ لیتے ہیں اس طرح کی کتنی درخواستیں زیر التوا ہیں، عدالت نے رجسٹرار آفس کو رپورٹ فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔