سندھ؛ ورک فرام ہوم اور سرکاری گاڑیوں میں پیٹرول کی کٹوتی پر عمل کی ہدایات
سندھ حکومت نے ورک فرام ہوم اور سرکاری گاڑیوں میں پیٹرول کی کٹوتی سمیت کفایت شعاری کے دیگر اقدامات پر عمل کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت سیکریٹری کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سندھ کابینہ کے جامع کفایت شعاری اور پیٹرول بچاؤ منصوبے کے تحت اصلاحات پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں چیئرمین پلاننگ، سینیئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین اینٹی کرپشن سمیت تمام محکموں کے سیکریٹریز اور کمشنرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے ہدایت کی کہ سرکاری گاڑیوں کے پیٹرول کوٹے میں 50 فیصد کٹوتی کر دی جائے اور تمام غیر ضروری گاڑیاں فوری طور پر گراؤنڈ کی جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ میں 4 روزہ ورک ویک نافذ کیا جائے گا جس کے تحت جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔
آصف حیدر شاہ نے کہا کہ اعلیٰ سرکاری افسران کی 2 دن کی تنخواہ بھی رضاکارانہ طور پر کاٹی جائے گی جبکہ سرکاری محکموں میں نئی گاڑیوں اور قیمتی اشیاء کی خریداری پر جون 2026 تک مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ سرکاری دفاتر میں 50 فیصد عملے کو ’ورک فرام ہوم‘ کے تحت کام کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
چیف سیکریٹری سندھ نے مزید ہدایت کی کہ سرکاری سطح پر افطار پارٹیوں اور ڈنر پر پابندی ہوگی اور اجلاس اب صرف ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد کیے جائیں گے۔
چیف سیکریٹری سندھ نے تمام سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ ان کفایت شعاری اقدامات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔