کراچی؛ سٹی کونسل اجلاس بدترین ہنگامہ آرائی کی نذر، اراکین کا ایک دوسرے پر تشدد
فوٹو: اے آئی
سٹی کونسل کا اجلاس بدترین ہنگامہ آرائی کی نذر ہو گیا جہاں ارکان ایک دوسرے سے گھتم گتھا ہو گئے اور پورے ہال میں لاتوں گھونسوں کا آزادانہ استعمال کیا اور ایک دوسرے پر بدزبانی کی۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب ہنگامہ آرائی روکنے کے لیے بار بار کہتے رہےکہ آپ لوگ بیٹھ جائیں مگر نہ اپوزیشن اور نہ ہی حکومتی ارکان ان کا حکم ماننے کو تیار تھے۔
سٹی کونسل کے اجلاس میں ہنگامہ آرائی کا آغاز اس وقت ہوا جب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن تیمور نے میئر کے ڈائس کے سامنے کھڑے ہو کر تقریر شروع کر دی اور میئر نے انہیں کہا کہ اگر انہیں کچھ کہنا ہے تو اپنی سیٹ پر جا کر بات کریں لیکن انہوں نے اسی دوران اپنا موبائیل نکالا اور وڈیو بنانا شروع کر دی۔
اسی دوران پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کا ایک رکن آگر بڑھا اور تیمور کو دھکا دے دیا، اس کے بعد پورے ہال میں اپوزیشن اور حکومتی کونسل ارکان ہاہم گتھم گتھا ہوگئے تاہم کونسل کے خواجہ سرا ارکان دونوں اطراف کے ارکان کو دہائی دیتے رہے مگر کوئی بھی لڑائی بند کرنے کو تیار نہ تھا۔
جماعت اسلامی، پی ٹی آئی، پی پی پی، پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے باغی ارکان ایک دوسرے سے الجھتے رہے تاہم حکومتی ارکان نے صورت حال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اس دوران مجموعی طور پر14 قراردادیں منظور کرا لیں، جن میں ایجنڈے میں شامل 9 قراردادوں کے علاوہ دیگر 5 قراردادیں شامل تھیں۔
قبل ازیں اجلاس کے آغاز پر اتفاق رائے سے ایوان نے ایران پر امریکی و اسرائیلی حملے اور اس کے نتیجے میں اعلیٰ ایرانی قیادت بشمول ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت اور ایران میں بمباری کے نتیجے میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے پر مذمت کی قرارداد منظور کی اور اسے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے عالمی قوتوں سے مطالبہ کیا کہ مشرق وسطی میں جاری اس جنگ کو رکوانے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں تاکہ خطے میں ہونے والی اس تباہی کو روکا جاسکے۔
دوسری قرارداد کے ذریعے گل پلازہ میں آگ لگنے سے 80 سے زائد افراد کی شہادت اور 1200 دکانوں کے جل کر خاکستر ہونے کے واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شہید ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی گئی۔
قراردادوں کے حوالے سے پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ، پارلیمانی لیڈر پی ٹی آئی اور ایوان کے رکن محمد نعمان، ذیشان سواتی اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔
اجلاس میں ایران پر حالیہ حملوں میں شہید ہونے والوں اور گل پلازہ کے واقعے کے شہدا کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی، اس کے دوران دیگر قراردادوں کی بھی منظوری دی گئی، شہید نجیب احمد کی جمہوری جدوجہد کے اعتراف میں فائیو اسٹار چورنگی فلائی اوور (نارتھ ناظم آباد) کا نام شہید نجیب احمد کے نام سے منسوب کرنے کی منظوری دی گئی۔