پاکستان سے مشرق وسطیٰ کی مزید 40 پروازیں منسوخ
پاکستان سے مشرق وسطیٰ کے لیے فلائٹ آپریشن بدستور معطل ہے، ملک بھر سے مشرق وسطیٰ کی مزید 40 پروازیں منسوخ ہوگئیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق لاہور سے دبئی، ابو ظہبی، شارجہ، بحرین، کویت اور قطر جانے اور آنے والی 14 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ کراچی سے 15 اور اسلام آباد سے 14 پروازیں منسوخ ہوئیں۔
سیالکوٹ ائیر پورٹ سے چار، ملتان اور فیصل آباد سے سات پروازیں منسوخ کی گئیں۔ 15 دن میں پاکستان سے مشرق وسطی کی 1496 پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں۔
امریکا و اسرائیل کے ایران پر حملے کے باعث مشرقی وسطیٰ کے اکثر ممالک کی فضائی حدود پندرہویں روز بھی بند ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز جمعہ کو بھی ملک بھر سے مشرق وسطیٰ کی 72 پروازیں منسوخ ہوئی تھیں۔
دوسری جانب خطے میں جاری کشیدگی کے باعث جیٹ فیول ون کی سپلائی بھی متاثر ہے، پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے ائیر لائنز کو پاکستان سے کم سے کم جیٹ فیول کے ساتھ پرواز کی ہدایت کا نوٹم جاری کردیا۔
مقامی ائیرلائنزکو بیرون ملک سے زیادہ سے زیادہ جیٹ فیول لینے کی ہدایت کی گئی ہے، جیٹ فیول سپلائی سے متعلق نوٹم 31 مارچ تک نافذ العمل ہوگا۔