لاہور، 19 کروڑ کی ڈکیتی کے ملزمان سے پولیس مقابلہ، مرکزی ملزم ہلاک، 3 فرار

سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی گاڑی کا نمبر ٹریس کیا گیا

لاہور:

شہر کے علاقے گجومتہ میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے کے دوران 19 کروڑ روپے کی ڈکیتی میں ملوث ایک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہو گئے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت زازے پٹھان کے نام سے ہوئی ہے جو ایک روز قبل ڈیفنس کے علاقے میں 19 کروڑ روپے کی بڑی ڈکیتی کی واردات میں ملوث تھا۔

تفصیلات کے مطابق پولیس نے مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تو کار سوار ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ اس کے تین ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے ملزمان کی گاڑی قبضے میں لے لی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان ایک کیفے میں واردات کے بعد فرار ہوئے تھے۔ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے گاڑی کا نمبر ٹریس کیا گیا جس کے بعد کاہنہ پولیس نے گجومتہ کے قریب گاڑی کو روکنے کی کوشش کی۔

اس دوران ایس ایچ او کاہنہ عامر شہزاد اور دیگر اہلکاروں کے ساتھ ملزمان کا فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کی لاش مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہے جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مفرور ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

متعلقہ

Load Next Story