فلسطینی لڑکی پر گاڑی چڑھانے کی ویڈیو بنانے والی امریکی یہودی خاتون کو اسرائیل سے نکالنے کا حکم
اسرائیل نے ایک امریکی یہودی خاتون کو ملک بدر کرنے کا حکم دے دیا ہے جس نے مبینہ طور پر ایک کمسن فلسطینی لڑکی پر گاڑی چڑھانے کے واقعے کی ویڈیو بنائی تھی۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ تل ابیب میں پیش آیا جہاں ایک امریکی خاتون نے ایک اسرائیلی ڈرائیور کی جانب سے فلسطینی لڑکی پر گاڑی چڑھانے کے واقعے کو اپنے موبائل فون سے ریکارڈ کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد اسرائیلی حکام نے اس امریکی خاتون کو ملک بدر کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
تاہم خاتون کا مؤقف ہے کہ انہیں دراصل اسرائیل کی حکومت کے خلاف سوشل میڈیا پر تنقیدی خیالات کے اظہار کی وجہ سے ڈی پورٹ کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ اس خاتون نے واقعے کے بعد گاڑی چلانے والے اسرائیلی شخص سے جھگڑا کیا تھا جس کے باعث معاملہ مزید پیچیدہ ہو گیا۔
یہ واقعہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب اسرائیل اور فلسطین کے درمیان کشیدگی اور انسانی حقوق کے معاملات پر عالمی سطح پر بحث جاری ہے۔