رحیم یار خان: بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم کی تقسیم کےدوران چھت گرنےسے 8 خواتین جاں بحق، 76 زخمی
صوبہ پنجاب کے شہر رحیم یار خان میں عمارت کی چھت گرنے سے 8خواتین جاں بحق جبکہ 76 زخمی ہو گئی ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق رحیم یار خان کے چک 125 پی میں یہ واقعہ پیر کو اُس وقت پیش آیا جب کئی خواتین بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت امدادی رقوم لینے کے لیے ایک ریٹیلر شاپ کی چھت موجود تھیں۔
ریسکیو 1122، ایدھی اور دیگر امدادی اداروں کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت قسط وصول کرنے کے لیے 200 سے زائد خواتین چھت پر موجود تھیں جو کمزور ہونے کی وجہ سے گر گئی۔
زخمی خواتین کو شیخ زید ہسپتال منتقل کیا گیا ہے اور ہسپتال میں ایمرجنسی بھی نافذ کر دی گئی ہے۔
بعد ازاں کمشنر بہاولپور مسرت جبیں شیخ زید اسپتال پہنچیں، زخمی خواتین کی عیادت کی اور علاج و معالجہ کی سہولیات کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے حادثہ پر بریفنگ دی، جاں بحق خواتین کی تعداد 8 ہوگئی جب کہ کمشنر بہاولپور مسرت جبین نے کہا کہ واقعے میں 76 خواتین زخمی ہوئیں۔