مولانا فضل الرحمن کے بیٹے کے اسکواڈ کی گاڑی کو حادثہ، 2 افراد جاں بحق

حادثہ سی پیک پر وانڈہ یارک کے قریب پیش آیا، گاڑی سلپ ہوکر روڈ سے نیچے جاگری

فوٹو: فائل

ڈی آئی خان:

مولانا فضل الرحمن کے بیٹے کے اسکواڈ کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا، جس میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے بیٹے اسجد محمود کے اسکواڈ کی گاڑی کو سی پیک پر حادثہ پیش آیا۔ پولیس کے مطابق حادثہ وانڈہ یارک کے قریب پیش آیا، جس میں اسکواڈ کی گاڑی سلپ ہونے کے باعث روڈ سے نیچے جا گری۔

ابتدائی طور پر پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت اسکواڈ کی گاڑی میں 4 افراد سوار تھے، جن میں سے 2 افراد جاں بحق جب کہ ایک زخمی ہو گیا۔ حادثے میں ڈرائیور محفوظ رہا۔

قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان نے مولانا اسجد محمود کے محافظین کی کارحادثہ میں شہادتوں پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ نوجوانوں کی شہادتوں پر دل رنجیدہ اور غمزدہ ہے، اللہ کریم نوجوانوں کی شہادتوں کو قبول فرمائے اور ان کو جوار رحمت میں جگہ عطاء فرمائے، رمضان کے مبارک مہینے اور مبارک رات میں ان نوجوانوں کی شہادت بلندی درجات کا باعث بنے گی۔

مولانا اسجد محمود  نے کہا کہ برادرم مولانا احسان اللہ اور مولانا جنید کی شہادتوں پر غمزدہ ہوں، وہی دکھ درد محسوس کررہا ہوں جو کسی قریبی عزیز کی وفات پر ہوتا ہے،  میں اور میرا خاندان اس دکھ کو اپنا دکھ سمجھتا ہے۔

مولانا اسجد محمود  نے کہا کہ اللہ کریم اہل خانہ کو صبر جمیل دے، اللہ کریم مریضوں کو شفاء عطاء فرمائے۔

عبدالخیل میں مولانا فضل الرحمان کی اقتداء میں نماز جنازہ ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں سینکڑوں افراد کی شرکت ۔میتیں آبائی علاقے لکی مروت روانہ کردی گئی۔

Load Next Story