لاہور: گھر سے آتی جاتی لڑکیوں کو ہراساں کرنے والا اوباش گرفتار
لاہور کے علاقے شالیمار میں پولیس نے گھر سے آتی جاتی لڑکیوں کو ہراساں کرنے والے اوباش شخص کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایچ او شالیمار علی حسن نے 15 پر موصول ہونے والی کال پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لیا۔
ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی کے مطابق ملزم اسد کو بھوگیوال روڈ سے ٹریس کرکے گرفتار کیا گیا۔ ملزم راہ چلتی لڑکیوں پر آوازیں کستا اور نازیبا اشارے کرتا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی نازیبا حرکات سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی دیکھی جا سکتی ہیں، ملزم اسد کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین سے چھیڑ چھاڑ، ہراسمنٹ اور جنسی استحصال کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔