نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کا ریاض کا اہم دورہ
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار 18 سے 19 مارچ تک ریاض کا دورہ کریں گے۔
ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ دورہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ کی دعوت پر کیا جا رہا ہے، جس کے دوران وہ علاقائی صورتحال پر ہونے والے اہم وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اجلاس میں محمد اسحاق ڈار خطے کے برادر ممالک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سیاسی آزادی کی مکمل حمایت کا اعادہ کریں گے۔
وزیر خارجہ اپنی تقاریر میں برادر ممالک کی سرزمین پر ہونے والے حملوں کے خاتمے پر زور دیں گے اور خطے میں کشیدگی کے فوری خاتمے کی ضرورت کو اجاگر کریں گے۔
اس موقع پر وہ مذاکرات اور سفارتکاری کی جانب واپسی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے امن کے قیام پر زور دیں گے۔
محمد اسحاق ڈار خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بھی اجاگر کریں گے اور اس عزم کا اظہار کریں گے کہ پاکستان موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے حل میں اپنا مؤثر کردار جاری رکھے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ اجلاس خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جس میں مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔