عیدالفطر پر کون سے ملبوسات ’’فیشن ٹرینڈز‘‘ میں شامل ہیں؟
عیدالفطر قریب آتے ہی فیشن کی دنیا میں ایک بار پھر نئی جدت اور انداز دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اس سال جہاں روایتی ملبوسات کو جدید انداز میں ڈھالا جارہا ہے، وہیں کچھ نئے اور نمایاں ٹرینڈز بھی سامنے آئے ہیں جو خواتین میں تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں۔
سلک ڈریس اور آرگنزا دوپٹہ کٹ ورک
اس سیزن کا ایک خوبصورت ٹرینڈ سلک ڈریس کے ساتھ آرگنزا دوپٹہ کٹ ورک ہے، جس میں ہلکے اور نفیس سلک کے لباس کو باریک کٹ ورک والے آرگنزا دوپٹے کے ساتھ اسٹائل کیا جا رہا ہے۔ یہ امتزاج نہ صرف دیدہ زیب لگتا ہے بلکہ عید کی تقریبات کے لیے ایک نہایت خوبصورت اور نفیس لک فراہم کرتا ہے۔
کفتان
اس سال کفتان کا رجحان بھی نمایاں ہے، جو اپنی ڈھیلی اور آرام دہ ساخت کے باعث خاص طور پر دن کے وقت کےلیے بہترین انتخاب سمجھا جا رہا ہے۔ ہلکی کڑھائی اور نرم کپڑوں کے ساتھ تیار کیے گئے کفتان اس سال سادگی اور اسٹائل کا حسین امتزاج پیش کر رہے ہیں۔
کٹ دانہ ایمبرائیڈری ڈریس
فیشن میں ایک اور دلکش اضافہ کٹ دانہ ایمبرائیڈری ڈریس ہیں، جن پر باریک اور چمکدار کڑھائی کی جاتی ہے۔ یہ ڈریسز خاص طور پر شام کی تقریبات کے لیے موزوں ہیں اور ایک شاندار اور پرکشش انداز پیش کرتے ہیں۔
کوآرڈ سیٹس
نوجوانوں میں کوآرڈ سیٹس بھی خاصے مقبول ہو رہے ہیں، جن میں میچنگ شرٹ اور ٹراؤزر شامل ہوتے ہیں۔ یہ ملبوسات نہ صرف جدید نظر آتے ہیں بلکہ انہیں مختلف مواقع پر بار بار استعمال بھی کیا جاسکتا ہے، جس کی وجہ سے یہ ایک عملی اور اسٹائلش انتخاب بن چکے ہیں۔
اگر مجموعی رجحانات کی بات کی جائے تو گزشتہ سال مقبول رہنے والی فرشی شلوار اب پیچھے رہ گئی ہے اور اس کی جگہ فرشی شرٹس نے لے لی ہے۔ یہ لمبی شرٹس اپنی لمبائی کے باعث زمین کو چھوتی محسوس ہوتی ہیں اور ایک شاہانہ انداز پیدا کرتی ہیں۔
ڈیزائنرز کے مطابق لمبی قمیضوں کو مزید بڑھا کر ایک نیا اسٹائل متعارف کروایا گیا ہے، جسے کلوٹس، پلازو یا روایتی شلوار کے ساتھ پہنا جا رہا ہے۔
فیشن ماہرین کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں اس وقت فل لینتھ شرٹس کی ڈیمانڈ بڑھ چکی ہے اور برانڈز بھی اسی رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے نئے کلیکشنز تیار کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ اسٹرکچرڈ انارکلی اور فراک اسٹائل ملبوسات بھی جدید کٹس کے ساتھ دوبارہ مقبول ہو رہے ہیں۔
ٹراؤزرز کے انداز میں بھی تنوع آیا ہے، جہاں روایتی شلوار کے ساتھ کلوٹس، پلازو اور سٹریٹ پینٹس کو بھی شامل کیا جا رہا ہے، جو ملبوسات کو ایک متوازن اور جدید لک دیتے ہیں۔
کپڑوں کے انتخاب میں بھی تبدیلی دیکھی جا رہی ہے۔ اس بار لان کے بجائے شیفون، سلک، را سلک، کریپ اور آرگنزا جیسے نفیس فیبرکس زیادہ استعمال ہو رہے ہیں، جو عید کے موسم کے لیے موزوں سمجھے جا رہے ہیں۔
رنگوں کے لحاظ سے بھی اس سال خاصی ورائٹی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ دن کے وقت کے لیے پاوڈر بلیو، بلش پنک اور منٹ گرین جیسے نرم شیڈز مقبول ہیں، جبکہ شام کی تقریبات کے لیے فیوشیا، ایمرلڈ گرین اور مڈنائٹ بلیو جیسے گہرے اور شوخ رنگ ٹرینڈ کا حصہ بن چکے ہیں۔
ماہرین کے مطابق عید 2026 کا فیشن ’’کمفرٹ اور اسٹائل‘‘ کے امتزاج پر مبنی ہے، جہاں خواتین ایسے ملبوسات کو ترجیح دے رہی ہیں جو نہ صرف خوبصورت ہوں بلکہ پہننے میں آرام دہ بھی ہوں۔