کراچی میں عید کے روز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان
مغربی ہوا کا سلسلہ ملک کے بیشتر حصوں کو مسلسل متاثر کر رہا ہے جس کے سبب کراچی میں عید کے روز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج موسم زیادہ تر صاف اور دھوپ نکلی رہے گی جبکہ کل سے شہر میں دوبارہ بارش کا امکان ہے۔ اس سسٹم کے زیرِ اثر سندھ کے اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔
لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، شکارپور، جیکب آباد، سکھر، جامشورو، حیدرآباد، ٹھٹھہ، سجاول، بدین، مٹیاری، عمر کوٹ، میرپور خاص، نوشہروفیروز، شہید بینظیر آباد اور دادو کے اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ مختلف مقامات پر آسمانی بجلی گرنے کا بھی خطرہ ہے۔
کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 سے 31 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا جبکہ ہفتے کے روز موسم زیادہ تر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
عید کے پہلے روز کراچی کے مضافاتی علاقوں میں بارش اور گرج چمک کا امکان ہے جبکہ اتوار کے روز کراچی میں موسم جزوی ابر آلود اور درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
شہر میں آج کم از کم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ موجودہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ گرمی کی شدت 24 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا رہی ہے اور زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 27 ڈگری گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغرب سے ہوائیں 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 82 فیصد ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر قائد کا فضائی معیار آج انتہائی مضر صحت ہے اور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی کا پانچواں نمبر ہے جبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی آٹھویں نمبر پر ہے۔
واضح رہے کہ بدھ 18 مارچ کی رات کراچی میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش سے شہر کا موسم یکسر تبدیل ہوگیا تھا، ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت میں واضح کمی آگئی۔
طوفانی ہواؤں کے سبب شہر میں حادثات کے مختلف واقعات میں 20 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ تقریباً 97 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی طوفانی ہواؤں سے ٹین کی چھتیں اور سولر پلیٹس اڑ گئیں، کئی درخت بھی گر گئے اور متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔