تجربہ گاہ میں بنی کھانے کی نالی کی کامیاب پیوندکاری
برطانیہ میں سائنس دانوں نے پہلی بار تجربہ گاہ میں بنی کھانے کی نالی کامیابی کے ساتھ خنزیر میں پیوند کر دی ہے جو کھانا نگلنے کے لیے فعال ہے۔
گریٹ اورمنڈ اسٹریٹ ہاسپٹل اور یونیورسٹی کالج لندن کے سائنس دانوں کو ایک تحقیق میں معلوم ہوا کہ کھانے کی نالی دینے والے جانور کے خلیات کو ختم کر کے نالی حاصل کرنے والے جانور کے خلیات پیدا کر کے پیوند کی جا سکتی ہے تاکہ عضو کا فنکشن بحال ہو سکے۔
اسپتال کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی کھانے کی نالی کی جان لیوا کیفیات کے ساتھ پیدا ہونے والے بچوں کے لیے پرسنلائزڈ ریجنریٹیو علاج میں بڑی پیشرفت ہے۔
یونیورسٹی کالج لندن میں سینئر محقق ڈاکٹر مارکو پیلیگرینی نے بتایا کہ اس ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے بچوں کے اپنے خلیوں سے نئی کھانے کی نالی بنائی جا سکتی ہے۔