آتشزدگی سے متاثرہ گل پلازہ میں دوبارہ آگ لگ گئی

چار فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچ گئے ہیں اور آگ پر قابو پایا جارہا ہے، فائر بریگیڈ حکام

فوٹو: ایکسپریس نیوز

کراچی:

کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر قائم گل پلازہ کی آتشزدگی سے متاثرہ عمارت کی بیسمنٹ پر دوبارہ آگ لگ گئی۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول ریسکیو 1122 کو اطلاع موصول ہوتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیم بمعہ ایمبولینس اور فائر بریگیڈ ٹرک جائے وقوع پر روانہ کردی گئی اور اسپیشلائزڈ ریسپانس ٹیم جائے وقوع پر پہنچ چکی ہے اور بیسمنٹ میں آگ کے مرکز تک رسائی حاصل کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کی جانب سے آگ پر قابو پانے کا عمل جاری ہے جبکہ آگ کی نوعیت اور وجوہات کا تعین تاحال نہیں ہو سکا۔

فائر بریگیڈ حکام نے بتایا کہ صدر کے علاقے میں گل پلازہ کے بیسمنٹ میں آگ لگ گئی ہے اور چار فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچ گئے ہیں اور آگ پر قابو پایا جارہا ہے۔

حکام نے بتایا کہ آگ گل پلازہ کی بیسمنٹ کی باقی ماندہ دکانوں اور اندر موجود کچرے میں لگی ہے اور آکسیجن سلنڈر اور ماسک کا استعمال کرتے ہوئے فائر فائٹرز عمارت میں داخل ہوگئے ہیں۔

ڈی سی امیر فضل اویسی نے کہا کہ گل پلازہ میں آگ ممکنہ طور پر نشے کے عادی افراد نے لگائی، فائر بریگیڈ اور پولیس پہنچی تو متعدد نشے کے عادی افراد عمارت میں موجود تھے، نشے کے عادی افراد تاریں اور دیگر سامان چوری کرنے کی غرض سے اندر گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ کے ایم سی اور ریسکیو 1122 کے  6 فائر ٹینڈرز موقع پر موجود ہیں، جلد آگ پر قابو پالیا جائے گا۔

گارڈن پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی اور شہریوں کو آگ لگنے کے مقام سے دورکیا جا رہا ہے۔

ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے بتایا کہ گل پلازہ میں آتشزدگی کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیاں اور ایک باؤزر موقع پر پہنچ گئے، مزید فائر بریگیڈ کی گاڑیاں گل پلازہ روانہ کردی گئی ہیں اور آگ بجھانے کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہے، جلد صورت حال پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا جائے گا، ریسکیو اور ریلیف سمیت تمام متعلقہ اداروں کو فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچنے کی ہدایات کی گئی ہے۔

گل پلازہ منجمنٹ کمیٹی کے صدر تنویر پاستا نے بتایا کہ گل پلازہ میں لگنے والی آگ سازش نہیں ہے بلکہ پولیس نے تین نشے کے عادی افراد کو حراست میں لے لیا ہے اور آگ ممکنہ طور پر انہی افراد کی جانب سے کاپر جلانے کے سبب لگی۔

انہوں نے کہا کہ گل پلازہ سیل ہے مگر عید کے موقع پر نشہ کرنے والے افراد اندر داخل ہوئے، آئندہ ہفتے گل پلازہ کی تباہ حال عمارت کو مسمار کرنے کا عمل شروع ہوگا۔

 

Load Next Story