کراچی، جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 2 بچوں سمیت 3 افراد زخمی
شہر قائد میں نارتھ ناظم آباد کے علاقے واحد کالونی میں فائرنگ کے واقعے میں 2 بچوں سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں میں 7 سالہ راحیل ولد سانول، 14 سالہ شہادت حسین ولد غلام شبیر اور 20 سالہ احد ولد نظیر شامل ہیں۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
ایس ایچ او تھانہ ناتھ ناظم آباد شاہد آدم کا کہنا ہے کہ تفتیش کے مطابق واقعہ مبینہ طور پر تیز آواز میں میوزک چلانے پر ہونے والے جھگڑے کے باعث پیش آیا۔
عینی شاہدین نے پولیس۔کو بتایا کہ شیرو نامی شخص کی جانب سے گاڑی میں اونچی آواز میں گانے بجانے پر تنازع کھڑا ہوا، جس پر عمران نامی شخص نے منع کیا تو تلخ کلامی بڑھ گئی۔
جھگڑے نے شدت اختیار کی اور مبینہ طور پر ملزمان نے دیگر افراد کو بلا کر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 2 بچے بھی زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث شیرو نامی شخص مبینہ طور پر نشے کی حالت میں تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور ملوث ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔