بوریوالا: 3 سالہ بچی کو اغواء کرنے والا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک
فوٹو: فائل
تھانہ صدر بوریوالا کے علاقہ میں پولیس مقابلے میں 3 سالہ بچی کو اغواء کرنے والا ملزم ہلاک ہوگیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق تھانہ ماڈل ٹاؤن بوریوالا کے اغواء کے مقدمہ میں مطلوب ملزم کی گرفتاری کے لئے پولیس نے ریلوے پھاٹک پر چھاپہ مارا جہاں 3 ملزمان نے پولیس ٹیم کو دیکھ کر سیدھی فائرنگ شروع کردی۔
پولیس کی جوابی فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہوگیا، ہلاک ملزم کی شناخت محمد نوید عرف نومی عرف غازی خاں ولد نذیر احمد محمد سکنہ کراچی کے نام سے ہوئی۔
ملزم کراچی، ملتان، رحیم یار خان و دیگر شہروں میں اغواء، زنا، قتل اور اقدام قتل کے درجنوں مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا۔ ہلاک ملزم کے قبضہ سے پسٹل 30 بور برآمد کر کے تحویل میں لے لیا گیا۔
یاد رہے ہلاک ملزم 3 سالہ بچی زوہا کے اغواء کا مرکزی ملزم تھا، بچی کو عید کے روز ہی بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا تھا جبکہ خریدار خاتون صائمہ بی بی کو بھی گرفتار کر کے جوڈیشل کر دیا گیا تھا جبکہ گاڑی کو بھی برآمد کر لیا گیا تھا۔
ایس ڈی پی او سرکل بوریوالا رانا محمد عمران ٹیپو نے موقع پر پہنچ کر ہلاک ملزم کو برائے پوسٹ مارٹم اسپتال منتقل کروایا جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشنز جاری ہیں۔