جنوبی وزیرستان میں قبائلی سردار کی گاڑی پر فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق، 2 زخمی
واقعہ تحصیل برمل کے علاقے دربلائی میں پیش آیا، زخمیوں میں قبائلی سردار کا بیٹا بھی شامل
جنوبی وزیرستان میں قبائلی ملک سردار علی کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ تحصیل برمل کے علاقے دربلائی میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے گاڑی کو نشانہ بنایا۔
فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار افغانی ڈرائیور سمیت 3 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ قبائلی ملک کے بیٹے سمیت دو افراد زخمی ہوئے۔
ڈی پی او جنوبی وزیرستان طاہر شاہ کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔