وزیراعظم کا سعودی ولی عہد سے رابطہ، خطے میں امن کیلیے پاکستانی کوششوں  سے آگاہ کیا

شہباز شریف کی حالیہ حملوں کی شدید مذمت، مملکت کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی اور مکمل حمایت کا اعادہ

(فوٹو: اے آئی جنریٹڈ)

اسلام آباد:

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے رابطہ کیا، جس میں خطے کی صورت حال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر وزیراعظم نے بتایا کہ انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے عید الفطر  کی مناسبت سے نیک تمناؤں کا تبادلہ بھی کیا۔

شہباز شریف نے گفتگو کے دوران خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، شاہی خاندان اور سعودی عوام کے لیے عیدالفطر کی مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی اور مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔

انہوں نے سعودی قیادت کے تحمل کو سراہتے ہوئے کشیدگی میں کمی، فوری جنگ بندی اور امت مسلمہ میں اتحاد کی فوری ضرورت پر زور دیا۔

شہباز شریف نے ولی عہد کو خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

Load Next Story