کراچی: فلمستان سنیما کے قریب ٹریفک حادثے میں کمسن بچہ جاں بحق
لیاری ایکسپریس وے فلمستان سنیما کے قریب ٹریفک حادثے میں کمسن بچہ جاں بحق ہوگیا۔
لیاری ایکسپریس وے فلمستان سنیما کے قریب ٹریفک حادثے میں کمسن بچہ جاں بحق ہوگیا۔۔ تفصیلات کے مطابق جمشید کوارٹرتھانے کےعلاقے لیاری ایکسپریس وے فلمستان سنیما کے قریب ٹریفک حادثے میں کمسن بچہ جاں بحق ہو گیا جس کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کی گئی جہاں متوفی بچے کی شناخت 12 سالہ محمود ولد رضوان کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او جمشید کوارٹر عرفان میو کا کہنا تھا کہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ متوفی بچہ لیاری ایکسپریس وے فلمستان سنیما کے قریب پتنگ اڑا رہا تھا کہ تیز رفتار گاڑی کے سامنے آگیا۔
گاڑی کی ٹکر سے بچہ شدید زخمی ہوا جسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں بچہ دوراج علاج دم توڑ گیالیکن پولیس کو اسپتال یا ایم ایل او کی جانب سے کوئی اطلاع فراہم نہیں کی گئی تاہم پولیس حادثے سے متعلق مزید معلومات اکٹھا کر رہی ہے۔
دوسری جانب ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ متوفی بچہ سڑک عبور کرتے ہوئے تیز رفتار نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہوا گاڑی کا ڈرائیور بھی اسپتال پہنچ گیا۔
گاڑی کے ڈرائیورکا کہنا ہے کہ بچہ خود گاڑی کے سامنے آیا ترجمان کا کہنا ہے کہ متوفی بچے کے لواحقین بھی اسپتال پہنچ گئے ہیں۔