کراچی؛ میڈیکل کی طالبات کو ملزمان نے بس میں چڑھ کر لوٹ لیا
شہید ملت روڈ میڈی کیئرکٹ کے قریب جناح میڈیکل ڈینٹل کالج کی طالبات کو اسلحے کے زور پر لوٹ لیا گیا، آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی۔
تفصیلات کے مطابق نیو ٹاؤن تھانے کے علاقے شہید ملت روڈ میڈی کیئرکٹ کے قریب جناح میڈیکل ڈینٹل کالج کی طالبات کو اسلحے کے زورپر لوٹ لیا گیا، واردات کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھا کرکے واردات کی تفتیش شروع کر دی۔
نیو ٹاؤن پولیس کے مطابق واردات صبح سوا 8 بجے کے قریب انجام دی گئی، میڈیکل کالج کی طالبات کو لینے کے لیے بس حسب معمول آئی تھی لیکن دو نامعلوم مسلح ملزمان نے بس میں سوار ہو کر واردات انجام دی اور 3 طالبات سے موبائل فونز، جیولری اور دیگر قیمتی سامان چھین کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق جس مقام پر بس کھڑی ہوتی ہے اطراف میں سیکیورٹی گارڈ موجود ہوتے ہیں لیکن گزشتہ روز میڈی کئیر اسپتال کے سیکیورٹی گارڈ موجود نہیں تھے۔ ملزمان نے بس میں چڑھ کر واردات کی، تین طالبات سے موبائل فون اور ایک آرٹیفیشل بریسلیٹ چھینا گیا۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے نیو ٹاؤن تھانے کی حدود میں جناح میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی طالبات سے لوٹ مار کا واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایڈشنل آئی جی کراچی نے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
متعلقہ ایس ایچ او اور سیکیورٹی پر مامور دیگر متعین عملے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
آئی جی سندھ نے متاثرین اور چشم دیدگواہوں کے بیانات کی روشنی میں ملزمان کی شناخت اور ملوث گروہ کے خلاف کارروائی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔