وزیر داخلہ محسن نقوی کی چینی سفیر سے ملاقات، خطے کی صورتحال پر گفتگو

ملاقات میں سکیورٹی تعاون سمیت دیگر اہم امور پر بھی بات چیت کی گئی

اسلام آباد:

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو میں چینی سفارتخانے جاکر ‎چینی سفیر جیانگ زیڈونگ سے ملاقات کی۔

چینی سفیر نے سفارت خانے آمد پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا استقبال کیا، ملاقات میں ‎انسداد دہشت گردی، سیکورٹی تعاون، پولیس ایکسچینج پروگرام سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔

ملاقات میں پاکستان میں چینی سرمایہ کاروں کو درپیش سیکورٹی مسائل کے حل کیلئے بزنس کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا، ‎پہلے مرحلے میں پاکستان میں موجود چینی بزنس کمیونٹی سے ملاقاتیں ہوں گی، دوسرے مرحلے میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند سرمایہ کاروں کے ساتھ ملاقات کی جائے گی۔

‎‎وزیر داخلہ نے کہا کہ ‎غیر ملکی شہریوں کے تحفظ کیلئے  اسپیشل پروٹیکشن یونٹ  کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، اسپیشل پروٹیکشن یونٹ اسلام آباد میں موجود چینی شہریوں کی سیکورٹی یقینی بنائے گا، ‎'سپیشل پروٹیکشن یونٹ' کے اہلکاروں کو ٹریننگ کے دوران چینی زبان بھی سکھائی جائے گی۔

Load Next Story