شدید بارش اور آندھی نے امارات کو ہلا دیا، سڑکیں زیر آب، سیلاب کا الرٹ جاری

دبئی، ابوظہبی اور شمالی امارات میں رات بھر بجلی کی چمک اور گرج دار آوازیں سنائی دیتی رہیں

ابوظہبی / دبئی: متحدہ عرب امارات میں شدید طوفانی نظام کے باعث گرج چمک، موسلا دھار بارش اور تیز ہواؤں نے معمولات زندگی متاثر کر دیے ہیں، جبکہ حکام نے فلیش فلڈ (اچانک سیلاب) کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات (نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی) کے مطابق ملک بھر میں ایک کم دباؤ کے نظام کے باعث غیر مستحکم موسم پیدا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش، آندھی اور گرج چمک کا سلسلہ جاری ہے۔ دبئی، ابوظہبی اور شمالی امارات میں رات بھر بجلی کی چمک اور گرج دار آوازیں سنائی دیتی رہیں۔

رپورٹس کے مطابق دبئی میں برج خلیفہ پر بجلی گرنے کے مناظر بھی دیکھے گئے، جبکہ متعدد علاقوں میں سڑکیں زیر آب آ گئیں اور ٹریفک متاثر ہوا۔ مشرقی علاقوں، خصوصاً فجیرہ میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی، جہاں مختلف مقامات پر پانی جمع ہونے سے مشکلات پیدا ہوئیں۔

حکام کے مطابق بعض علاقوں میں ہوا کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی، جس کے باعث درخت گرنے اور عمارتوں سے ملبہ اڑنے کے واقعات بھی پیش آئے۔ سمندر میں بھی طغیانی کی کیفیت پیدا ہو گئی ہے، جس سے بحری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔

Load Next Story