زچگی آپریشن پہلے کرنے کا مقابلہ، لاہور کے اسپتال کی ویڈیو سامنے آگئی

ڈاکٹر طیبہ اور ڈاکٹر عائشہ کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوا، صوبائی وزیر صحت کا سخت نوٹس، تحقیقاتی کمیٹی قائم

لاہور کے لیڈی ولنگڈن اسپتال میں 2 زچگی آپریشن کے دوران ڈاکٹرز نے آپس میں مقابلہ کیا جس کی تھیٹر میں بنی گئی ویڈیو سامنے آگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لیڈی ولنگڈن اسپتال میں دو خواتین کے سی سیکشن (آپریشن) کے دوران ڈاکٹر طیبہ اور ڈاکٹر عائشہ کی ٹیمیں تھیٹر میں موجود تھیں۔

اس دوران تھیٹر میں کھڑی اسٹاف نے ویڈیو بنائی اور بتایا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تیز ترین آپریشن کرنے کا مقابلہ چل رہا ہے جس کا فیصلہ ڈاکٹر عیسیٰ کریں گے۔

ویڈیو بنانے والی لڑکیوں نے یہ بھی بتایا کہ ایک ڈاکٹر طیبہ کی سپورٹر ہے اور دوسری ڈاکٹر عائشہ کی ہے اور دونوں کے درمیان فُل مقابلہ چل رہا ہے۔

دوسری جانب صوبائی وزیر صحت نے ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرکے سخت کارروائی کا عندیہ دیا جبکہ واقعے کی چھان بین کیلیے سیکریٹری صحت عظمت محمود نے تحقیقات کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی۔

وزیر صحت نے کہا کہ اگرچہ ڈاکٹرز کی جانب سے بنائی گئی وڈیو پرانی ہے تاہم اس کے باوجود بھی ذمہ داران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس اخلاقی و مجرمانہ غفلت پر ذمہ داران کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

سیکریٹری صحت نے کہا کہ اسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجہ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے کی بالکل اجازت نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا جس کی ویڈیو آج سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی اور یہ ویڈیو سخت پابندی کے باوجود ڈاکٹرز کی ٹیم نے ہی بنائی ہے۔

متعلقہ

Load Next Story