کراچی کے عوام لوٹ مار سے تنگ، 1 دن میں 4 ڈاکو ہلاک

ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے دکاندار سمیت 4 افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پولیس

فوٹو اسکرین گریپ

شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ون میں عوام نے متحد ہوکر ڈکیتی کی واردات ناکام بنادی جبکہ 2 ڈاکو فائرنگ سے ہلاک ہوگئے جبکہ جوہر موڑ پر شہری نے دو ڈاکوؤں کو ہلاک کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اورنگی ٹاؤن سیکٹر ون میں قائم دکان میں ڈکیتی کی واردات کے دوران عوام نے لوٹ مار کرنے والے ڈکیتوں کا گھیراؤ کیا اور مزاحمت کر کے واردات ناکام بنادی۔

اس دوران عوام کے تشدد اور فائرنگ سے دونوں ڈکیت موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ مزاحمت پر 4 شہری زخمی ہوئے۔

اورنگی ٹاؤن تھانہ کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مزاحمت کے دوران دکاندار سمیت چار راہگیر زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق زخمیوں کی شناخت کاشان حسین، حسن، آصف اور عبدالرحمان کے ناموں سے ہوئی۔

ایس ایچ او اورنگی ٹاؤن خمیسو خان کے مطابق ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت عمر خان ولد عالم خان اور شہباز ولد شیر باچا کے نام سے ہوئی جو بنارس کے رہائشی تھے اور ان کا کرمنل ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے۔

قبل ازیں جوہر موڑ فلائی اوور پر بھی کار سوار شہری نے لوٹ مار کرنے والے موٹرسائیکل سوار ڈکیتوں کا تعاقب کر کے انہیں گاڑی کی ٹکر سے گرایا اور پھر فائرنگ کر کے 2 ڈاکوؤں کو ہلاک کیا تھا جبکہ تیسرا ملزم رکشہ میں بیٹھ کر فرار ہوگیا۔

 

Load Next Story