بنوں کی پولیس وین پر دہشتگردوں کا حملہ، اے ایس آئی شہید

دہشت گردوں نے فائرنگ کے بعد پولیس کی گاڑی جلا دی، سیکیورٹی فورسز کی نفری بھیج دی گئی ہے، پولیس

فوٹو: اسکرین گریب

خیبرپختونخوا کے علاقے بنوں میں دہشت گردوں نے پولیس وین پر فائرنگ کرکے اے ایس آئی کو شہید کردیا جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔

پولیس نے بتایا کہ بنوں میں تھانہ ہوید کی حدود علاقہ ممہ خیل میں دہشت گردوں نے پولیس موبائل وین پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں پولیس کا اے ایس آئی شہید اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا۔

مزید بتایا گیا کہ دہشت گردوں نے فائرنگ کے بعد پولیس کی گاڑی جلا دی۔

پولیس نے بتایا کہ جائے وقوع پر پولیس اور دہشت گردوں کے مابین فائرنگ جاری ہے، سیکورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری ، بکتر بند گاڑیاں موقع پر روانہ کردی گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے بنوں میں پولیس گاڑی پر فائرنگ کا نوٹس لیا اورواقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ واقعے میں ایک پولیس اہلکار کی شہادت اورمتعدد اہلکاروں کا زخمی ہونا انتہائی افسوس ناک ہے، صوبائی حکومت شہید پولیس اہلکار کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یک جہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیراعلیٰ نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔

Load Next Story