لاہور: غازی آباد پولیس کی کارروائی، شاپ رابری میں ملوث میاں بیوی گرفتار

ملزمان نے دو روز قبل غازی آباد کے علاقے میں لاکھوں روپے مالیت کی شاپ رابری کی واردات کی تھی

غازی آباد پولیس نے شاپ رابری کی وارداتوں میں مطلوب شاطر میاں بیوی پر مشتمل دو رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق ملزمان میں نصیر اور ملزمہ عاصمہ شامل ہیں۔

ایس پی کینٹ اختر نواز کی ہدایت پر ایس ایچ او غازی آباد محمد شہریار نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو لوٹے ہوئے مال سمیت گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے دو روز قبل غازی آباد کے علاقے میں لاکھوں روپے مالیت کی شاپ رابری کی واردات کی تھی۔

ملزمان کے قبضے سے لوٹی گئی نقدی، قیمتی کپڑے، دیگر سامان اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ ایس پی کینٹ کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو واردات کے بعد سامان لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان شناخت اور گرفتاری سے بچنے کے لیے چھوٹی بچی کا استعمال کرتے تھے۔ پولیس نے ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا۔

گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایس پی کینٹ اختر نواز کا کہنا ہے کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت موجود ہے جبکہ انسداد جرائم کے حوالے سے کڑی نگرانی جاری ہے۔

Load Next Story