کراچی، گھریلو جھگڑے نے خونی رخ اختیار کر لیا، شوہر کی خودکشی، بیوی زخمی

جاں بحق شخص کی شناخت 35 سالہ سلیمان جبکہ زخمی خاتون کی شناخت پروا شاہ کے نام سے ہوئی ہے

کراچی:

شہر قائد میں گارڈن ویسٹ کے علاقے حسن لشکری کے قریب ایک گھر میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے نے افسوسناک رخ اختیار کر لیا جہاں گھریلو جھگڑے کے دوران شوہر نے بیوی کو گولی مار کر زخمی کرنے کے بعد خودکشی کر لی۔

پولیس کے مطابق واقعہ ابتدائی طور پر میاں بیوی کے درمیان ہونے والے جھگڑے کے دوران پیش آیا۔

جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 35 سالہ سلیمان کے نام سے ہوئی ہے، جو رینٹ اے کار کا کاروبار کرتا تھا، جبکہ زخمی خاتون کی شناخت پروا شاہ کے نام سے کی گئی ہے۔

چھیپا ویلفیئر ایسوسی ایشن کے مطابق لاش اور زخمی خاتون کو فوری طور پر سول اسپتال کراچی منتقل کیا گیا جہاں خاتون کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول اور تین خول تحویل میں لے لیے ہیں، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ گھریلو تنازع کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، تاہم حتمی حقائق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔

Load Next Story